حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 11 اکتوبر 2026ء بروز اتوار، مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ حسن ظفر نقوی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے دفتر کا دورہ کیا۔ جہاں شعبہ قم کی موجودہ اور سابقہ کابینہ کے اراکین سمیت مختلف مدارسِ علمیہ اور تشکلات کے ذمہ داران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر منعقدہ خصوصی نشست کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ بعد ازاں مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے مسئول مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے علامہ حسن ظفر نقوی کو مجلس کی مختلف سرگرمیوں، تنظیمی اقدامات اور علمی و تبلیغی خدمات سے آگاہ کیا۔

علامہ حسن ظفر نقوی نے اپنی گفتگو کے دوران پاکستان کی موجودہ صورتِ حال پر روشنی ڈالی اور طلابِ علومِ دینیہ کی فکری و سیاسی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا: دینی طلبہ کو عصری حالات، سیاسی مسائل اور قومی و ملی امور سے آگاہی حاصل کرنی چاہیے، تاکہ وہ معاشرے کی مؤثر رہنمائی اور دینی فرائض کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خدمات اور سیاسی وژن کو سراہتے ہوئے ان کی سیاسی و قومی جدوجہد اور کردار کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے سیاسی بصیرت، فکری آگاہی اور قومی و ملی مسائل کے حوالے سے شعور و آگہی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے طلابِ علومِ دینیہ کو تبلیغِ دین کے میدان میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے بالخصوص علمِ کلام اور مسائلِ خلاف پر خصوصی توجہ دینے کی تاکید کی، تاکہ وہ علمی استدلال اور فکری بصیرت کے ساتھ دینی و اعتقادی مسائل کو سمجھنے اور ان کی وضاحت کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکیں۔
نشست کے اختتام پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کے مسئول مولانا سید ذیشان حیدر الحسنی نے علامہ حسن ظفر نقوی کو رہبرِ معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ مجتبیٰ خامنہای کے حالاتِ زندگی پر مشتمل اردو زبان میں شائع ہونے والا مجلہ بطورِ ہدیہ پیش کیا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ مجلہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم کی علمی و اشاعتی کاوشوں کا ثمر ہے۔ جس کا مقصد اہم شخصیات کی سوانحِ حیات اور ان کے فکری پہلوؤں کو اردو خواں حلقوں تک پہنچانا ہے۔













آپ کا تبصرہ